Ticker

5/recent/ticker-posts

تیرے خوشبو میں بسے خط میں جلاتا کیسے

تیرے خوشبو میں بسے خط میں جلاتا کیسے
پیار میں ڈوبے ہوئے خط میں جلاتا کیسے
تیرے ہاتھوں کے لکھے خط میں جلاتا کیسے


جن کو دنیا کی نگاہوں سے چھپائے رکھا
جن کو ایک عمر کلیجے سے لگائے رکھا
دین جن کو جنھیں ایمان بنائے رکھا
تیرے خوشبو میں بسے خط میں جلاتا کیسے


جن کا ہر لفظ مجھے یاد تھا پانی کی طرح
یاد تھے مجھ کو جو پیغامِ زبانی کی طرح
مجھ کو پیارے تھے جو انمول نشانی کی طرح
تیرے خوشبو میں بسے خط میں جلاتا کیسے


تو نے دنیا کی نگاہوں سے جو بچ کر لکھے
سال ہا سال میرے نام برابر لکھے
کبھی دن میں تو کبھی رات کو اُٹھ کر لکھے
تیرے خوشبو میں بسے خط میں جلاتا کیسے


پیار میں ڈوبے ہوئے خط میں جلاتا کیسے
تیرے ہاتھوں کے لکھے خط میں جلاتا کیسے


تیرے خط آج میں گنگا میں بہا آیا ہوں
آگ بہتے ہوئے پانی میں لگا آیا ہوں...ا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

راجندر ناتھ رہبر.

Post a Comment

0 Comments